افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی [اے ایف پی] کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے شاہراہ نو میں ایک شدید دھماکے نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، یہ علاقہ غیر ملکیوں کی رہائش گاہوں کے لیے معروف اور کابل کے نسبتا محفوظ علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا ایک ریسٹورنٹ میں ہوا ہے، دھماکے میں کئی شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، حتمی ہلاکتوں اور زخمیوں کی تفصیلات ابھی جمع کی جا رہی ہیں اور جلد اعلان کیا جائے گا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکے کے فوری بعد مقامی پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ علاقے میں شدید خوف و ہراس کے باعث رہائشی عمارتوں اور کاروباری مراکز میں خلل پیدا ہوا۔
افغان حکام نے علاقے کی مکمل نگرانی بڑھا دی ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حملے کے ذمہ دار عناصر کی شناخت کی جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے